Women and Children Desk Inauguration in West Zone Karachi

IG Sindh AD KHwaja

ویسٹ زون میں وومن اینڈچلڈرن ڈیسک کاافتتاح


کراچی آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ویسٹ زون میں وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن ڈیسک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں ڈی آئی جی ویسٹ ایس ایس پی ویسٹ اور سینٹرل سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کا جنسی استحصال ایک سنگین جرم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ فی زمانہ ضرورت اس امر کی ہے کہ شہری ایسے واقعات کو چھپانے یا ان پر پردہ ڈالنے کے بجائے آگے آکر ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف متعلقہ پولیس کو آگاہ کریں اور باقاعدہ شکایات درج کرائیں تاکہ اس حوالے سے فوری پولیس کاروائی اور انسدادی اقدامات یقینی ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ وومن اینڈ چلڈرن ڈیسک کے قیام کا مقصد ہی خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونے والے مختلف نوعیت کے واقعات کو ناصرف روکنا بلکہ ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانا بھی ہے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ میں آپ لوگوں کو یہ خوشخبری دینا چاہتا ہوں وومن اینڈ چلڈرن ڈیسک پر کام کرنے والے اسٹاف کی ماہانہ تنخواہ دگنی ہوگی تاہم اس ڈیسک پر ان ہی ملازمین کو کام کرنے کا موقع دیا جائے گا جو حقیقی معنوں میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ اور اہلیت رکھتے ہوںگے۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں سے متعلق پولیس کی جانب سے درج مقدمات کی تفتیش وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن ڈیسک پر تعینات خواتین افسران ہی کریںگی۔جس کا مقصد خواتین اور بچوں کے خلاف مختلف نوعیت کے جرائم کا ناصرف مؤثر طور پر انسداد بلکہ ایسے جرائم میں ملوث ملزمان کو جدید اور مؤثر تفتیش کی بدولت مثالی سزاؤں کے عمل کو بھی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ عام شہریوں میں وومن اینڈ چلڈرن پروٹیکشن ڈیسک کی افادیت اور مسائل کے فوری حل اور کردار کے حوالے باقاعدہ شعور اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں تاکہ مختلف واقعات سے متاثرہ خواتین بچوں کی مدد اور معاونت کے عمل کو مزید تقویت دی جاسکے۔بعداذاں آئی جی سندھ نے ویسٹ زون میں ضلع وسطی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور انٹیگریٹڈ بیلسٹک آئیڈینٹی فیکیشن سسٹم(IBIS)ٹرمینل کا بھی افتتاح کیا

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.