دہشتگردوں نے کراچی میں واقع چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا تاہم شرپسندوں کو سیکیورٹی فورسز نے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا اور اُنھیں ہلاک کر دیا ۔ چینی قونصلیٹ کا عملہ مکمل طورپر محفوظ ہے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے دو جوان شہید ہو گئے ہیں اور ایک زخمی ہوا ہے ۔ پولیس کے مطابق قونصل خانے کا تمام چینی عملہ بالکل محفوظ ہے اور صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے ۔ کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب 3 دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔
تاہم گارڈز کے روکنے پر انہوں نے فائرنگ کردی ، جس پر قونصلیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈز نے بھی جوابی فائرنگ کی ، اس دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی ۔ پولیس چیف کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خود کش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا ۔
اس سے قبل ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی تصدیق کی کہ ملزمان کی جانب سے کیے گئے ابتدائی حملے میں قونصلیٹ پر تعینات 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے بھی واقعے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔
The post کراچی میں واقع چینی قونصلیٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ، سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کاروائی ، تینوں دہشتگرد ہلاک ، سفارتی عملہ محفوظ appeared first on Urdu News.