ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی احتساب عدالت آمد ، شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز سننے والے ججز سے ملاقات

نیب راولپنڈی کے ڈی جی نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز سننے والے احتساب عدالت کے ججز محمد بشیر اور ارشد ملک سے ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان منگی نے اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں احتساب عدالت کے دونوں ججز محمد بشیر اور ارشد ملک سے ملاقات کی جو عدالتی وقت ختم ہونے کے بعد ہوئی اور ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے موقع پر پاناما پراسیکیوشن ٹیم کے سپروائزر اور نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی بھی موجود تھے ۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈی جی نیب اور ججز کے درمیان ملاقات میں شریف خاندان کے خلاف کیسز سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی ۔ احتساب عدالت کے جج صاحبان سے ملاقات کے بعد ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ملاقات کیسی رہی ؟ اس پر انہوں نے بتایا کہ ’ہمیں ادھر مسائل ہیں ، تفتیشی افسران کے آفس کا مسئلہ ہے ، ہمارے وکیلوں کا یہاں چھوٹا سا کمرہ ہے اور اے سی کا بھی مسئلہ ہے ؟
عرفان منگی نے بتایا کہ ہمارا کام کوئی بھی نہیں رہا، پاناما ختم ہوگیا ہے ، اب تو ہم ان مقدمات میں گواہ بھی نہیں رہے، اب جو بھی کرنا ہے عدالتوں نے ہی کرنا ہے ۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سزائیں سنائی گئیں جب کہ احتساب عدالت کے دوسرے جج ارشد ملک بھی شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کررہے ہیں ۔
The post ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی احتساب عدالت آمد ، شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز سننے والے ججز سے ملاقات appeared first on Urdu News.