سڈنی(ویب ڈیسک) آسٹریلیوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سٹیو سمتھ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے چوتھے ایڈیشن سے باہر ہوگئے ہیں ۔ کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کے مطابق 29سالہ سٹیو سمتھ حالیہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل)کے دوران کہنی کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں جسکے بعد وہ کم از کم6 ہفتے کرکٹ کے میدانوں سے دور رہیں گے ،سٹیو
سمتھ اب کہنی کی سرجری کروائیں گے جس کے بعد انہیں چھ ہفتے آرام کرنا ہوگا اور پھر انکا ری ہیبلیٹیشن پروگرام شروع ہوگا ۔سٹیو سمتھ کی یہ انجری آسٹریلیوی کرکٹ ٹیم کے ساتھ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے لیے بھی بڑا دھچکہ ہے جسے سابق کینگرو کپتان سے بہت سی امیدیں وابستہ تھیں ۔ سٹیو سمتھ بھی اپنی اس انجری سے کافی مایوس ہیں کیوں کہ ان کی ایک سالہ پابندی کی مدت ختم ہونے میں محض تین مہینے رہ گئے ہیں اور آسٹریلیوی بلے بازوں کی حالیہ ناکامیوں کو دیکھتے ہوئے انہیں
اور سابق نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو پابندی ختم ہوتے ہی سکواڈ کا حصہ بنا لیا جائےگا ۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن آئندہ سال 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگا۔ لیگ کا فائنل میچ 17مارچ کو کراچی میں کھیلا جائیگا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ لیگ راؤنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائیگی۔ اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو دفعہ اور پشاور زلمی کی ٹیم ایک بار لیگ جیت چکی ہے۔پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ 14فروری
کو دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا۔ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں فائنل سمیت کل 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے آخری 8 میچز پاکستان کے شہروں لاہور اور کراچی میں کھیلے جائینگے۔ لاہور میں 3 میچز جبکہ فائنل سمیت پانچ میچز کراچی میں کھیلے جائینگے۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پہلا میچ 7 مارچ کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین فلڈ لائٹس میں ہوگا جبکہ لاہور میں پہلامیچ 9 مارچ کو لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔
پاکستان میں کھیلے جانے والے 8 میچز کے علاوہ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 14میچز اور چار میچز شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائینگے۔ شیدول کے مطابق پی ایس ایل میں شرکت کرنے والی تمام ٹیمیں ہر ٹیم کےساتھ دو دو میچز کھیلیں گی۔جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز، زمبابوے کے برینڈن ٹیلر، آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ ان تین کھلاڑیوں سمیت 19کھلاڑی پہلی بار پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئینگے۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل میچ 17 مارچ کو کھیلا جائیگا جو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔
The post پی ایس ایل 4شروع ہونے سےپہلے ہی ملتان سلطانز کوبڑادھچکالگ گیا appeared first on Urdu News.