لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے 17مارچ کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں شیڈول پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے فائنل کے لیے بھارت سمیت تمام آئی سی سی بورڈ ممبران کو دعوت نامے ارسال کردیئے ہیں ، انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے چیئر مین ششانک منوہر اور چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن کو بھی پی ایس ایل فائنل دیکھنے کی
دعوت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث اس بات کا ایک فیصدبھی امکان نہیں ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری اور بھارت سے ہی تعلق رکھنے والے آئی سی سی چیئر مین ششانک منوہر پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لیے پاکستا ن آئیں گے ۔پی سی بی کے ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ کو حالیہ کشیدگی سے پہلے ہی دعوت نامہ بھیج دیا گیا تھا اور اگر یہ کشیدگی بہت پہلے سے چلی آرہی ہوتی تو پاکستان کرکٹ بورڈ کسی صورت بھارتی بورڈ کو دعوت نامہ نہ بھیجتا،
یہ دعوت نامے بھیجنے کا بڑا مقصد یہ بھی تھا کہ دیگر کرکٹ بورڈز کے سربراہان خود پاکستان آکر یہاں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے سکیں،پاکستان کرکٹ بورڈ کوامید ہے کہ انگلینڈ،افغانستان،آئر لینڈ،بنگلہ دیش،زمبابوے،آسٹریلیا،نیوزی لینڈ،جنوبی افریقہ اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کے نمائندے پاکستان آئیں گے۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا،سری لنکا اور بنگلہ دیش کے سکیورٹی منیجرز کو پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لیے پاکستان آنے کی
دعوت دی ہے۔
The post ’’پا ک بھا رت کشیدگی اپنی جگہ ‘‘ پاکستان میں پی ایس ایل4 کے فائنل کی تیاریاں!! پی سی بی نے بھارت میں خاص مہمانوں کو دعوت نامہ جاری کردیا appeared first on Urdu News.