حب (اُردو نیوز) پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کی تعمیر کے آغاز کی تیاریاں مکمل ، 12 سال سے تاخیر کے شکار 5 ارب ڈالرز خلیفہ کوسٹل ریفائنری منصوبے کا آغاز رواں سال کے آخر سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے تعاون سے بلوچستان کے شہر حب میں پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وفاقی حکومت نے 2007 میں حب میں خلیفہ کوسٹل ریفائنری تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم عالمی کمپنی کی جانب سے فنڈز کا انتظام نہ ہونے کے باعث ریفائنری کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا تھا۔ اب موجودہ حکومت نے حب میں 5 ارب ڈالر مالیت کی خلیفہ کوسٹل آئل ریفائنری کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی صلاحیت اڑھائی لاکھ بیرل یومیہ ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ ریفائنری مکمل ہونے سے پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کم اور قیمت سستی ہوجائے گی، جبکہ اس کی تعمیر پارکو کے منافع سے کی جائے گی جس سے قومی خزانے پر قطعاً کوئی بوجھ نہیں پڑے گا۔
آئل ریفائنری کے لیے 250 میگاواٹ کا پاور پلانٹ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ نئی آئل ریفائنری 60 فیصد وفاقی حکومت جبکہ 40 فیصد متحدہ عرب امارات کی ملکیت ہوگی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ خلیفہ آئل ریفائنری کی تعمیر سال 2023 تک مکمل کر لی جائے گی۔ خیال رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب اور ریفائنریوں کی کم صلاحیت کے باعث پاکستان کو سالانہ 10 تا 14 ارب ڈالر مالیت کی پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنا پڑتی ہیں۔ خلیفہ آئل ریفائنری اور گوادر میں سعودی عرب کے تعاون سے آئل ریفائنری کی تعمیر سے پاکستان پر تیل کی امپورٹ کا اربوں ڈالرز کا بوجھ بہت حد تک کم ہو جائے گا۔
The post پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کی تعمیر کے آغاز کی تیاریاں مکمل appeared first on Urdu News.