اسلام آباد (اردو نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی پائلٹ کی واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس اقدام سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم ہوتی ہے تو ہم اس کیلئے تیار ہیں. وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر بات چیت کے لئے تیار ہیں. انہوں نے کہا کہ بھارت نے جارحیت کی ، ہم نے تو صرف دفاع کیا ہے،کشمیر کے معاملے پر بھی بات چیت کے لئے تیارہیں، بھارت طاقت سے مسئلہ کشمیر حل نہیں کرسکا.
نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہیں، تباہی کے بعد بھی بیٹھ کر مذاکرات کرنے پڑتے ہیں، بھارت کی پالیسی سود مند نہیں رہی ہے. شاہ محمودقریشی نے کہا کہ محبوبہ مفتی ٹھیک کہتی ہیں انسان کو گرفتارکرسکتے ہیں اس کی سوچ کو نہیں مہذب دنیامیں واحد راستہ مذاکرات کا ہی ہے.دریں اثناءوزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاوزیراعظم عمران خان اور کابینہ نے بہترین خارجہ پالیسی اپنانے اور اس کشیدہ صورتحال میں بہترین سفارتکاری پر وزارت خارجہ کو مبارکباد پیش کی ہے.
وزیر خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمہ نے صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے مداخلت کا فیصلہ کیا ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں امریکہ کی مداخلت، خطے میں امن و امان کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے. انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات میری سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے بات ہوئی اور انہوں نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر میں نے انہیں خوش آمدید کہا.
انہوں نے کہا کہ آج سعودی وزیر خارجہ ولی عہد محمد بن سلمان کا اہم پیغام لے کر پاکستان تشریف لا رہے ہیں ’انہوں نے کہا کہ ہم امن و امان کے داعی ہیں، ہم شروع دن سے کہہ رہے ہیں کہ ہندوستان کی طرف سے خطے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش سیاسی مقاصد کے تحت ہے. انہوں نے کہا کہ اب تو بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر خود دعویٰ کر رہے ہیں کہ پاکستان کی حدود میں فضائی حملے سے انہیں لوک سبھا میں 22 نشستیں زیادہ ملیں گی.
The post پاکستان نے بھارتی پائلٹ کی واپسی کا عندیہ دے دیا appeared first on Urdu News.