بھارتی حکومت کے جنگی جنون اور جارحانہ پالیسیوں کے خلاف اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں ۔ سابق را چیف کا بھارتی میگزین کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ نریندر مودی کو یہ نہیں کہنا چاہیئے تھا کہ فوج کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے کیوں کہ جنگ کوئی کھیل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کوئی پکنک نہیں اور مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں ہے ، دورحاضر میں جنگیں زیادہ نقصان دہ ہیں اور اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کو ان کے نتائج کا ادراک ہونا چاہیے ۔
دوسری جانب بھارتی اشوکا یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پرتاب بھانو مہتا نے اخبار کے آرٹیکل میں اپنی حکومت کو انتباہ جاری کیا ہے کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارتی ردعمل تباہ کن ثابت ہورہا ہے اور بھارتی رویے کی وجہ سے پاکستان جنگ جیت چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تحمل عالمی سطح پر اسے معتبر بنا رہا ہے ، بھارتی پالیسیوں سے مسئلہ کشمیر مزید بگڑا ہے اور اب عالمی برادری میں کوئی بھارتی مؤقف سننے کو تیار نہیں ہے ۔
بھارتی یونیورسٹی کے وی سی کے مطابق گزشتہ 5 سال میں کشمیر میں بھارت کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوا اور مقبوضہ کشمیر میں احساس محرومی حقیقی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارتی رویے کو اشتعال انگیزی کے طور پر لے رہی ہے اور بھارتی توجہ مسائل کے بجائے الزام تراشیوں پر مبنی ہے ، مسائل کا حل جنگ سے نہیں امن سے ممکن ہے ۔
ادھر بھارتی سپریم کورٹ کے ایک سابق چیف جسٹس مرکنڈے کاٹجو بھی حکومت پر برس پڑے ، انھوں نے کہا کہ پاکستان سے جنگ کرنا کوئی مذاق کی بات نہیں ہے ، پاکستان ایک نیوکلیئر طاقت ہے ۔ جسٹس مرکنڈے نے کہا کہ پاکستانی فوج تیار ہے اور کشمیریوں کی اکثریت ہتھیار اٹھانے والوں کی حامی ہے ۔ سابق بھارتی جج نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول کراس تو کرے ، پاکستان کی جانب سے بھی زبردست ردعمل آئے گا ۔
ایک اور سابق انڈین لیفٹننٹ جنرل (ر) دیپندرا سنگھ ہوڈا نے انکشاف کیا ہے کہ پلوامہ حملے میں بھارتی بارود ہی استعمال ہوا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد گہری سوچ بچار کے ساتھ تمام حقائق کا جائزہ لینا چاہیئے اور اس پر غور کیا جائے کہ کشمیر کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے کیا کیا جا سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی حکومت کی اشتعال انگیزی کو کچھ سنجیدہ حلقے ناپسندیدگی کی نظروں سے دیکھ رہے ہیں اور اسے بی جے پی اور نریندر مودی کی انتخابی حکمت عملی قرار دے رہے ہیں ۔
The post پاکستان سے جنگ کرنا کوئی بچوں کا کھیل نہیں ، بھارتی اشتعال انگیزی سے پاکستان یہ جنگ لڑنے سے پہلے ہی جیت چکا ہے ، بھارت کے اندر سے ہی آوازیں اٹھنا شروع ہوگئیں ، بھارتی دانشوروں نے مودی حکومت کو آئینہ دکھا دیا appeared first on Urdu News.