واشنگٹن (اُردو نیوز) امریکا نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ سرحد کے دونوں اطراف تمام کارروائیاں روک دی جائیں، اس سے قبل امریکا کی جانب سے دنیا کو خبردار کیا تھا کہ خطے میں مزید فوجی کارروائیوں کا خطرہ ناقابلِ قبول حد تک بڑھ چکا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا نے بھارت اور پاکستان سے سرحد پار کارروائیوں روکنے اور استحکام کی طرف لوٹنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم دونوں فریقین پر زور دیتے ہیں کہ صورتحال کی کشیدگی ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔امریکی ترجمان نے 14 فروری کو پلوامہ میں بھارتی فوجی دستے پر ہونے والے حملے کو سرحد پار دہشت گردی قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس طرح کے حملوں سے خطے کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
امریکی عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے دہشت گردوں کی فنڈز تک رسائی ختم اور انہیں پناہ گاہیں فراہم کرنے سے گریز کیا جائے۔
مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کی بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے بات کی اور امریکا کی جانب سے مزید کارروائیوں سے گریز کا پیغام پہنچایا۔
The post پاکستان اور بھارت سرحد پار کارروائیاں بند کریں، امریکا کا مطالبہ appeared first on Urdu News.