پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا ۔ پاکستان کو آخری روز میچ جیتنے کے لیے 7 وکٹیں درکار تھیں تاہم آسٹریلوی ٹیم دفاعی انداز اپناتے ہوئے ٹیسٹ کو ڈرا کرانے میں کامیاب رہی ۔ پاکستان کے 462 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے آخری روز کا کھیل ختم ہونے تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے ۔ عثمان خواجہ 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے ، انہیں یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو کیا ۔
عثمان خواجہ کے بعد یاسر شاہ نے مچل اسٹارک اور پیٹر سڈل کو بھی جلد پویلین کی راہ دکھائی تاہم آسٹریلیا کے ٹم پین اور نیتھن لیون نے نویں وکٹ پر انتہائی دفاعی انداز اپنایا اور مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا ۔ پانچویں اور آخری روز کا کھیلا شروع ہوا تو عثمان خواجہ 50 اور ٹریوس ہیڈ 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے ، دونوں بلے بازوں نے 132 رنز کی شراکت قائم کی ۔
ٹیم کا مجموعی اسکور 219 تک پہنچا تو ٹریوس ہیڈ 72 رنز بنا کر محمد حفیظ کا شکار بن گئے جس کے بعد آنے والے نئے بلے باز لیبسچگنی بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔ چھٹی وکٹ پر عثمان خواجہ اور کپتان ٹم پین نے محتاط بیٹنگ کی تاہم عثمان خواجہ 141 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ اس کے بعد یاسر شاہ نے پیٹر سڈل اور مچل اسٹارک کو بھی ٹھکانے لگادیا ، یکے بعد دیگرے تین وکٹیں حاصل کرنے کے باوجود پاکستان آسٹریلوی بیٹسمینوں پر دباؤ برقرار رکھ کر مزید دو وکٹیں حاصل نہ کرسکا اور یوں میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا ۔
The post پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا appeared first on Urdu News.