جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر گزشتہ روز سے پاکستانی فضائی حدود مسافر طیاروں کے لیے بند کی جا چکی ہیں۔ اس مشکل وقت میں سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ دوستی کا ایسا حق ادا کیا کہ ہر پاکستانی تعریف کرنے لگا۔
پاکستانی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے 3 ہزار کے لگ بھگ پاکستانی سعودی عرب میں پھنس گئے جو عمرہ کی ادائیگی کے لیے وہاں گئے تھے اور انہیں انہی دنوں وطن واپس آنا تھا۔ سعودی حکومت نے بروقت انتظامات کرتے ہوئے ان تمام پاکستانیوں کو دربدر ہونے سے بچا لیا اور ان کی بے مثال میزبانی کی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے انڈرسیکرٹری برائے امور عمرہ عبدالعزیز وظان نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ”وزارت عمرہ و حج نے ایئرپورٹس پر پھنسے پاکستانیوں کی داد رسی کے لیے فوری طور پر ری سیپشن سنٹرز قائم کیے اور ان کی رہائش اور خوراک کا انتظام کیا۔
ان میں سے 2 ہزار پاکستانیوں کو مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے جبکہ 1ہزار کے لگ بھگ پاکستانیوں کو مدینہ منورہ میں رہائش دی گئی ہے۔ پاکستانی عازمین تب تک یہاں قیام کر سکتے ہیں جب تک پاکستان کی فضائی حدود نہیں کھل جاتیں۔ اس عرصے میں ان کی تمام ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔“
The post پاکستانی فضائی حدود بند ہونے کے بعد سعودی عرب نے دوستی کا حق ادا کردیا appeared first on Urdu News.