فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کابینہ نے چیئرمین نیب کو ہدایت دی ہے کہ ہائی پروفائل کیسز کی انکوائری اور تحقیقات کے عمل کو تیز کریں ، ہائی پروفائل کیسز بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ نے ای سی ایل کے معاملے کا بھی جائزہ لیا ہے، اس وقت ای سی ایل پر 3 ہزار سے زائد نام ڈالے گئے ہیں ، کابینہ نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو ہدایت دی ہے کہ ای سی ایل فہرست کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے ، کہیں سابق حکومت نے سیاسی انتقام پر بے گناہ لوگوں کو ای سی ایل پر تو نہیں ڈالا ، کابینہ کے آئندہ اجلاس میں وزیر داخلہ تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی کہ ایف بی آر اصلاحات جلد سامنے لائی جائیں ، کابینہ نے 21 کروڑ کی آبادی میں سے 70 لاکھ ٹیکس گذاروں کی جانب سے 2 لاکھ سے زائد سالانہ آمدن ظاہر کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ سیگریٹ کی صنعت میں 98 فیصد ٹیکسز صرف دو کمپنیاں ادا کر رہی ہیں ، باقی سگریٹ کمپنیاں غیر قانونی طور پر سگریٹ فروخت کر رہی ہیں ، اسی طرح پینٹ کی صنعت میں بھی صر ف دو سے تین کمپنیاں ٹیکس ادا کر رہی ہیں ، تمام سیگریٹ اور پینٹ کمپینوں کو ٹیکس نیٹ کے دھارے میں لانے کے لیے بھرپور کریک ڈائون کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔
The post وفاقی حکومت کا ایگزٹ کنٹرول لسٹ کا از سرنو جائزہ لینے کا فیصلہ appeared first on Urdu News.