وزیر خزانہ کے متعلق منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا مقصد مستحکم ہوتی ملکی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے ، وزیر اطلاعات فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں ہے، سب سے بڑا چیلنج وعدوں کی تکمیل ہے ، احتساب پرلوگوں کی گھبراہٹ دیکھ کر اوورسیز پاکستانی خوش ہیں ، چوروں کی سزا کی بات کرتے ہیں تو اپوزیشن منہ پھلا لیتی ہے ، ملک کو اس نہج پر لانے والے حکومت کو لیکچر دیتے ہیں ، وزیر خزانہ کے متعلق منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا مقصد مستحکم ہوتی ملکی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے ۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق لندن آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے حالیہ عام انتخابات میں کامیابی پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الیکشن مہم میں ساتھ دینے پر اوورسیز کمیونٹی کا مشکور ہوں ، اب وقت آگیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی توقعات پوری ہوں ، لندن کی سکھ کمیونٹی کرتارپوربارڈر کھلنے پر بہت خوش ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پالیسیوں سے پاکستان کے پاسپورٹ کی اہمیت بڑھے گی ، پاکستانی سفارتی کامیابیوں سے مستحکم معیشت کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔
انہوں نے وزیر خزانہ اسد عمر کے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ وزیر خزانہ کے متعلق منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا مقصد مستحکم ہوتی ملکی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے ، وزیر خزانہ اپنی بھرپور صلاحیتوں اور محنت کے ساتھ بہترین قومی خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان وزیر خزانہ اسد عمر کی صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد رکھتے ہیں ، ملکی معیشت کو استحکام دینے کے لیے اسد عمر کی قابلیت نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ درآمدات میں کمی آئی ہے ، وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی معیشت میں پاکستان کی سیاست کی طرح مثبت تبدیلی آئے گی ۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کی رائے میں نواز شریف اور زرداری اپنا آخری الیکشن لڑ چکے ، مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں ، ڈالر اوپر نیچے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے ۔
The post وزیر خزانہ کے متعلق منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا مقصد مستحکم ہوتی ملکی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے ، وزیر اطلاعات فواد چوہدری appeared first on Urdu News.