لاہور(اردو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکر ٹری جنرل اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی ملک ہیں، وزیراعظم عمران خان نے دانشمندی سے عوام کو تباہی سے بچا یا ہے، اس لیے ان کو نوبل انعام ملنا چاہیے۔
مال روڈ پر پاک فوج اور حکومت سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی جانے والی ریلی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ پوری قوم بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے اور یقین دلاتے ہیں کہ ہم سب افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، پاکستان اپنے دفاع میں بھارت کو بھر پور جواب دے گا ۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا ، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی ،مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ظلم وجبر جاری ہے،عالمی برادری بھارت کو لگام ڈالے وگرنہ پاکستان کو بھارت کا علاج کر نا آتاہے ،بھارت کی ممکنہ مہم جوئی کی مزاحمت کے لئے پوری قوم پرعزم اور ہر وقت تیار ہے اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلے پلوامہ کا ڈرامہ رچاکر پاکستان پر بے بنیاد الزام لگانے کی کوشش کی
بھارت اپنے جنگی جنون کے ذریعے بھارتی عوام کو بے وقوف بنا نے کی بجائے اپنے عوام کو اپنے اصل مسائل کے بارے میں بتائے ،یہ عجیب بات ہے کہ جب بھی بھارت میں الیکشن شروع ہونے والے ہوتے ہیں تو بھارت پاکستان پر الزامات لگا کر اپنے الیکشن کو سیدھا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارت باز رہے اور اس بات کو ذہن میں رکھے کہ اگر پاکستان پر حملہ کیا تو اس کا دنیا کے نقشے پر نام ونشان نہ رہے گا
The post وزیراعظم عمران خان نے دانشمندی سے دونوں ملکوں کی عوام کو تباہی سے بچایا، عمران خان کو نوبل انعام ملنا چاہیے، اعجاز چوہدری appeared first on Urdu News.