سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اپنے شوہر کیپٹن صفدراور دادی کے ہمراہ کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئیں ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق نوازشریف کے ساتھ اہل خانہ کی آج ملاقات کا دن ہے اور اس حوالے سے ان کی صاحبزادی کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئیں جہاں وہ نوازشریف سے ملاقات کریں گی ۔ مریم نواز جس وقت کوٹ لکھپت جیل پہنچیں تو وہاں پر کارکنان کی بڑی تعدا د موجود تھی جنہوں نے مریم نواز کو دیکھ کر گل پاشی کی اور نعرے بازی بھی کی اس موقع پر مریم نواز نے کارکنان کو دیکھ کر ہاتھ بھی ہلایا ۔
مریم نوازشریف کے ہمراہ کیپٹن صفدر بھی ہیں جبکہ گاڑی ان کا بیٹا جنید صفدر چلا رہے تھے ۔ مریم نواز اپنے والد کیلئے گھر کا کھانا بھی لے کر آئی ہیں ۔ کھانے میں نوازشریف کیلئے خصوصی طور پر گرلڈ فش ، ابلی ہوئی سبزیاں اور پانی کی بوتلیں شامل ہیں ۔ یاد رہے کہ نوازشریف کو احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید اور اربوں روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کر دیا گیا تھا ۔
نوازشریف نے احتسا ب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کو معطل کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل بھی دائر کر دی ہے جبکہ نیب نے بھی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کا فیصلہ اور العزیزیہ میں سزا بڑھانے کی اپیل دائر کر دی ہے ۔ اس سے قبل نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی تاہم اس کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کر دیا تھا اور تمام ملزمان کو ضمانت پر رہا کر دیا تھا ۔
The post نواز شریف سے ملاقات کیلئے مریم نواز صبح صبح کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئی ، نواز شریف نے گھر سے کیا منگوایا ، جانیے appeared first on Urdu News.