تہران (ویب ڈیسک) ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ تہران کی جانب سے میزائلوں کے تجربات میں ناکامی کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے۔ امریکی حکومت ایک سازش کے تحت ایران کے میزائل پروگرام میں خرابی پیدا کرکے اسے نقصان پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ نے ایک بیان میں اعتراف کیا کہ ایران کو اس کے میزائل پروگرام میں خرابیاں پیدا کرنے کی امریکی سازشوں کے حوالے سے ٹھوس معلومات حاصل ہوئی ہیں۔
ایرانی عہدیدار کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب خود ایرانی حکومتی حلقوں میں میزائل پروگرام کے حوالے سے اختلافات پائے جا رہے ہیں۔ حاجی زادہ کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل پروگرام میںفالٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ سب کچھ امریکا کررہا ہے تاکہ ایران کا میزائل پروگرام ناکامی سے دوچارہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھ گیے ہیں کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران ہمارے میزائل پرورگرام کو کس کس نے کیسے کیسے طریقوں سے ناکام بنانے کی مذموم کوشش کی۔
اگر ہمیں بیرون ملک سے میزائلوں کے لیے کوئی پرزہ منگوانا پڑتا ہے تو امریکا اس میں رکاوٹیں ڈالتا ہے۔ امریکا کی اس سازش کا مقصد اور ہدف تہران کو میزائل ٹیکنالوجی سے محروم کرنا ہے۔حاجی زادہ کا کہنا تھا کہ دشمن نے پہلے ہمیں میزائل سازی سے روکا۔ اس کے بعد بیرون ملک سے پرزہ جات کی ترسیل پر پابندی لگائی گئی۔ پھر بیرون ملک سے بورڈ منگوانے پرپابندی عاید کی اور اب الیکٹرانک آلات ایران کو فراہم کرنے سے روک رہا ہے۔ ایران کے دشمنوں کی ان تمام سازشوں کے باوجود تہران اپنے دفاعی پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
The post میزائلوں کے تجربات میں ناکامی کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے،ایران کا الزام appeared first on Urdu News.