ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ، وادی کیلاش میں برفانی تودہ آبادی پر گرگیا ، 12 افراد ملبے تلے دب گئے

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بہت سے مقامات کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں ۔ برفباری کے نتیجے میں وادی کیلاش میں برفانی تودا آبادی پر گرگیا جس کے نیچے 12 افراد دب گئے ۔ ملک کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث نہ صرف سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے بلکہ کئی جگہوں پر رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئی ہیں ۔ چترال کی وادی کیلاش میں شیخان دے کے علاقے میں برفانی تودا آبادی پر گرگیا جس کے نیچے 12 افراد دب گئے ۔ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تودے کے نیچے دبنے والوں کو نکالا ۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ برفانی تودے سے نکالے گئے 2 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ باقی افراد محفوظ ہیں ۔ دوسری جانب پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ ایبٹ آباد ، ایوبیا ، دیامر ، شانگلہ ، کوئٹہ ، لوئر دیر، ٹھنڈیانی ، مری ، سوات ، مانسہرہ میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ شدید برفباری کے باعث ایبٹ آباد سے مری اور ٹھنڈیانی جانے والی سڑکیں بند ہوگئی ہیں جبکہ سوات کے بالائی علاقوں کا برفباری کے باعث نشیبی علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔ ناران ، کاغان میں ہونے والی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔
The post ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ، وادی کیلاش میں برفانی تودہ آبادی پر گرگیا ، 12 افراد ملبے تلے دب گئے appeared first on Urdu News.