لاہور (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے میٹھی عید کے ٹھنڈا ہونے کی نوید سنا دی، آئندہ ہفتے سے پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ جمعہ کی رات سے جمعرات تک شدید بارشیں ہوں گی، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر ،اسلام آباد، راولپنڈی، مری میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن میں بھی بارشیں ہوں گی، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، میانوالی، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال میں اتوار سے بدھ تک، ڈی آئی خان، ژوب، سبی، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن ،بدین، ٹھٹھہ، کراچی، میرپور خاص ڈویژن میں پیر سے جمعرات تک بارشوں کا امکان ہے۔
دوسری جانب بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار760 میگاواٹ تک پہنچ گیا، طلب 23 ہزار 920 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی فراہمی 18 ہزار 160 میگاواٹ ہے۔ پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ بجلی چوری والے فیڈروں کے ساتھ ساتھ کم نقصانات والے فیڈروں پر بھی چھ سے 11 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔جبکہ دوسری جانب شہر قائد میں آج ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے معمولی حدت جبکہ موسم گرم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو ہوا میں نمی کاتناسب غیر معمولی طور پر زیادہ رہاصبح کے اوقات میں 75فیصد تک بڑھنے والی نمی کے تناسب میں بعد ازاں دن بھر صرف 10فیصد کمی ہوئی،جس کی وجہ سے دن کے وقت معمولی حدت رہی تاہم سمندر کی جنوب مغربی سمت سے چلنے والی 35کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت معتد ل رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.5ڈگری ریکارڈ ہوا، دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج (بدھ ) کو شہر کا مطلع بیک وقت ابر آلود اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی ہے، آج بھی سمندر کی جانب سے تند وتیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے پارہ 34ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔