قطر کا پاکستانیوں کو 1 لاکھ ملازمتیں دینے کیلئے 2 شہروں میں ویزہ مراکز کھولنے کا فیصلہ

قطر کا پاکستانیوں کو 1 لاکھ ملازمتیں دینے کیلئے 2 شہروں میں ویزہ مراکز کھولنے کا فیصلہ، قطری وزارت خارجہ نے کراچی اور اسلام آباد میں ویزہ مراکز کھولنے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق قطری حکومت نے پاکستانیوں کو ملازمت کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی میں ویزا سینٹر کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔
قطر کی حکومت نے 8 ممالک کے شہریوں کو ملازمت کے ویزے دینے کا فیصلہ کیا اُن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ قطری حکومت نے اسلام آباد اور کراچی میں ویزا سینٹر کے قیام کا اعلان کردیا جس سے پاکستانیوں کو ملازمت کے ویزے کا حصول آسان ہوجائے گا اور انہیں سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔
قطر ویزہ مراکز کے ذریعے پاکستانی ہنرمندوں کے حقوق اور اُن کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے سفری اجازت نامے میں پیش آنے والی مشکلات کو دور کیا جائے گا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت قطر میں تقریباً 1 لاکھ 15 ہزار پاکستانی مزدوری کا کام کررہے ہیں، ویزہ سینٹر کے قیام کے بعد سے ان کی تعداد میں مزید اضافہ ہوجائے گا کیونکہ قطر نے ملازمت کے نئے مواقع پیدا کیے۔ قطر میں ملازمت کرنے والے خواہش مندوں سے باقاعدہ ملازمت کا معاہدہ کیا جائے گا، ویزہ سینٹرز پر ہی مزدور کی تنخواہ اور دیگر مراعات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
یاد رہے کہ قطر کی حکومت نے سعودی عرب اور اتحادی ممالک کی جانب سے کیے جانے والے بائیکاٹ کے بعد ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لیے تارکین وطن کو شہریت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ قطری امیر شیخ تمیم بن حماد التہینی نے حکومت کو ہدایت کی تھی کہ وہ نئے قانون کے تحت طویل عرصے سے رہائش پذیر 100 تارکین کو ہرسال قطر کی شہریت دیں تاکہ وہ سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔ علاوہ ازیں قطر نے ملازمت کے لیے آنے والے تارکین کے لیے واپس جانے سے قبل کیفل کی شرط بھی ختم کردی یعنی انہیں وطن واپسی کے لیے ویزا لینے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
The post قطر کا پاکستانیوں کو 1 لاکھ ملازمتیں دینے کیلئے 2 شہروں میں ویزہ مراکز کھولنے کا فیصلہ appeared first on Urdu News.