ؒٓلاہور(این این آئی )چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے کہا ہے کہ عمران خان ہر بار اپنی تقریر میں عوام کو بے وقوف بناتے ہیں ان کی تقریر ہارے ہوئے شخص کی آواز ہوتی ہے ،بجٹ میں تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکس اضافے کی تجویز کو مسترد کرتے ہیں اور ملکی دولت لوٹنے والوں کو اب حساب دینا پڑے گا ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ورکرز سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ برابری پارٹی پاکستان وزیر اعظم پاکستان کے جلد پیسہ آنے کے بیان کو ان کی خام خیالی تصور کرتی ہے
کیونکہ ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے وزراء اعظم بھی عوام کو ایسے سنہری خواب دکھاتے رہے ہیں اور اب حد تو یہ ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے ملک میں مہنگائی بڑھنے اور ایف بی آر کے اہداف پورے نہ ہونے کا اعتراف تو کیا ہے مگر انھوں نے ساری صورتحال کی ذمہ داری سابق حکومتوں پر تھوپ کر انھیں ملک کی گرتی معیشت کا ذمہ دار بھی قرار دے کر اپنے آپ کو بری ذمہ کرلیا۔جواد احمدنے مزید کہاکہ بار بار روپے کی قدر گرنا بذات خود بڑی کرپشن ہے جس کے سبب مہنگائی بڑھی ،ادویات کی قیمتوں میں 300 سے 400 فیصد اضافہ ہوا، گیس کی قیمتیں بڑھ گئیں جس کا سیدھا اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑا اور یہ طبقہ اب سوچنے پر مجبور ہے کہ تحریک انصاف نے ہم سے جو وعدے کیے، ترقی کے جو خواب ہمیں دکھائے وہ کب پورے ہوں گے۔
The post ’’ عمران خان ہر بار اپنی تقریر میں عوام کو بے وقوف بناتے ہیں ‘‘ ان کی تقریر ہارے ہوئے شخص کی آواز ہوتی ہے ‘جواد احمد پھٹ پڑے appeared first on Urdu News.