عثمان بزدار ان ایکشن : اب صوبے میں کونسی نئی سروس کا آغاز ہونے والا ہے؟ وزیراعلیٰ نے سرپرائز دے دیا

لاہور (ویب ڈیسک) نئے پاکستان میں جدید طرز کی ایمبولینس سروس کے آغاز کرنے پر غور شروع ہو گیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں ائیرایمبولینس سروس شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جدید ترین کارڈیک ایم آر آئی مشین کا افتتاح کیا۔یہ جدید ترین مشین30 کروڑ روپے کی لاگت سے نصب کی گئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔
فرینڈزآف پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی کاوشوں کی تحسین کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ائیر ایمبولینس شروع کرنے کاجائزہ لیں گے ،اس حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد منصوبہ بندی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ غریب آدمی کو معیاری علاج کے لیے اسپتالوں میں جدید سہولتیں فراہم کریں گے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ماڈل کو دوردراز اورپسماندہ علاقوں تک لے کرجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں معیاری سہولتوں تک مریضوں کی رسائی ہمارا مشن ہے اورعام آدمی کے لیے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ دور دراز علاقوں میں بھی صحت کی معیاری سہولتیں 24 گھنٹے میسر ہوں۔ دل کے امراض کے جدید اسپتال پسماندہ علاقوں میں بھی ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لیے پلان مرتب کر رہے ہیں جبکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ آف مینجمنٹ کو جلد تشکیل دیا جائے گا۔ سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ میں ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کے لیے فرینڈز آف پنجاب انسٹی ٹیوٹ کارڈیالوجی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ گوہر اعجاز اور ان کے ساتھیوں نے اس حوالے سے قابل ستائش کام کیا ہے اوراب ہم اس ماڈل کو مزید آگے تک بڑھائیں گے۔
The post عثمان بزدار ان ایکشن : اب صوبے میں کونسی نئی سروس کا آغاز ہونے والا ہے؟ وزیراعلیٰ نے سرپرائز دے دیا appeared first on Urdu News.