’’ ضمنی انتخابات حکومتیں ہی جیتا کرتی ہیں ، مسلم لیگ ن سے اتحاد نہیں ہو سکتا ‘‘ ، پیپلز پارٹی کے چوہدری منظور نے مسلم لیگ ن کو ٹھینگا دکھا دیا

پیپلزپارٹی کے رہنما چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات حکومتیں ہی جیتا کرتی ہیں ، ہم ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی خواہش پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ تو کر سکتے ہیں لیکن مسلم لیگ ن سے اتحاد نہیں ہو سکتا ، حکومت کے عوام مخالف فیصلوں کے خلاف کھڑے ہونگے ۔ ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری منظور احمد نے کہا کہ ہم تو پہلے بھی اپوزیشن میں تھے اور اب بھی اپوزیشن میں ہیں ، فرق یہ پڑا ہے کہ تحریک انصاف حکومت میں چلی گئی ہے اورسابق حکومتی اتحاد اپوزیشن میں آ گیا ہے ۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے جو لوگ ضمنی انتخابات میں اتحاد کا پیغام لیکر آئے ہیں ان کوابھی سمجھ نہیں آرہی کہ کرنا کیا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات حکومتیں ہی جیتا کرتی ہیں ، ہم ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی خواہش پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ تو کرسکتے ہیں لیکن اتحاد نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ذمہ دارانہ اپوزیشن کی ہے ۔ اس وقت جو الزام ہم پر مسلم لیگ ن لگا رہی ہے یہ الزامات تحریک انصاف بھی لگاتی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ ، اٹھارویں ترمیم ، ٹیکس اور مہنگائی پر ہم ڈٹ کر اپوزیشن کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا اس وقت کوئی اتحاد نہیں ہے ، شہباز شریف نے بھی قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران حکومت کی کوئی خاص مخالفت نہیں کی بلکہ کہا ہے کہ ہم کئی ایشوز پر حکومت کی حمایت کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کے خلاف جو فیصلے کرے گی اس کے خلاف ہم کھڑے ہونگے ۔ چودھری منظور کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے غلط باتیں پھیلائی جارہی ہیں اور اس کو پیپلزپارٹی کی مجبوریاں کہا جا رہا ہے ، اگر مجبوریاں ہیں تو مسلم لیگ ن کی مجبوریاں ہم سے زیادہ ہیں ، میاں نوازشریف کی گرفتاری اور رہائی کے بعد مکمل خاموشی چھائی ہوئی ہے اور وہ بیانیہ ہی غائب ہوگیا ہے ۔
The post ’’ ضمنی انتخابات حکومتیں ہی جیتا کرتی ہیں ، مسلم لیگ ن سے اتحاد نہیں ہو سکتا ‘‘ ، پیپلز پارٹی کے چوہدری منظور نے مسلم لیگ ن کو ٹھینگا دکھا دیا appeared first on Urdu News.