اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ ریحام خان سے عمران خان کی کردار کشی پر مشتمل کتاب شہباز شریف نے لکھوائی اور اس کام کے لیے ریحام خان کو 2لاکھ پاؤنڈ ادا کیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی نوازشریف نے عمران خان کے خلاف سیتا وائٹ کے مقدمات کو اچھالنے کے لیے خود ان کی اور حسین حقانی کی موجودگی میں اسحاق ڈار کو ساڑھے 14 لاکھ روپے دیئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریحام خان نے یہ کتاب اپنے نوعمر بیٹے سے ایڈٹ کرائی ہے تو یہ بڑے افسوس کی بات ہے ۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے بتایا کہ سیاستدانوں کی کردار کشی پر یہ کوئی پہلی کتاب نہیں ہے ، ۔۔اس کا آغاز سعادت منٹو سے ہوا تھا اور بعد میں تہمینہ کھر نے بھی مصطفی کھر کے بارے میں ‘‘میڈا سائیں ’’کے نام سے ایک کتاب لکھ کر مصطفی کھر کی ازدواجی زندگی کی مٹی پلید کی تھی۔ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کو بچانے کے لیے شہبازشریف ہر حد تک جانے کو تیا ر ہیں، یہ سب کچھ ماڈ ل ٹا ؤن اور رائیونڈ مافیا سے آپریٹ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کتاب کے منظر عام پر آنے سے عمران خان کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا ۔

شیخ رشید نے سیاسی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو تو شاید کوئی بیرونی سہولت کار جیل بھگتنے سے بچالے لیکن شہباز شریف جو وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کے عادی ہیں انہیں اپنے مالیاتی اسکینڈلز کی بدولت ہر حال میں جیل جانا ہو گا۔25 جولائی کو عام انتخابات کے سلسلے میں شیخ رشید نے کہا کہ اس دن درجۂ حرارت موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق 48 یا 50 سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چیف جسٹس کی توجہ بھی اس جانب دلائی ہے کہ اتنی شدیدگرمی میں ہماری مائیں، بہنیں گھنٹوں قطارمیں لگ کر کس طرح ووٹ ڈالیں گی۔ا نہوں نے کہا کہ ایک انتخابی حلقے میں 3 سے 4 ہزار پولنگ اسٹیشن ہوتے ہیں، ا ن پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں کو ٹھنڈا پانی پلوانے پر 4 کروڑ روپے لاگت آئے گی، سوال یہ ہے کہ غریب امیدوار یہ پیسے کہا ں سے لائے گا۔