اسلام آباد (اردونیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کی تفتیش کے دوران سارا معاملہ مریم نواز پر ڈال دیا ہے. چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ منگل کو احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے ویڈیو اسکینڈل سے متعلق درخواستوں پر سماعت کرے گا، عدالت عظمیٰ نے گزشتہ سماعت پر ایف آئی اے سے انکوائری رپورٹ طلب کی تھی.
عدالتی حکم کی روشنی نے ایف آئی اے نے ویڈیو اسکینڈل پررپورٹ تیار کر لی ہے‘ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی انکوائری ٹیم نے شہبازشریف اورمریم نواز سے تفتیش کی شہبازشریف نے دوران تفتیش سارا معاملہ مریم نواز پر ڈال دیا جبکہ مریم نواز نے ناصر بٹ کو ذمہ دار قرار دے دیا. مریم نواز نے کہا ہے کہ جج کی ویڈیو بنانے میں میرا کوئی کردار نہیں، ویڈیو ناصر بٹ نے بنائی ویڈیو اسکینڈل کی انکوائری مکمل نہیں ہوئی اور تاحال تفتیش جاری ہے.
واضح رہے کہ جولائی میں پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ایک پریس کانفرنس میں ایک ویڈیو جاری کی جس میں مبینہ طور پر احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو دکھایا گیا تھا‘ارشد ملک وہی جج ہیں جنھوں نے گذشتہ سال نواز شریف کے خلاف ہل میٹل اور فلیگشپ ریفرنسز میں فیصلہ سنایا تھا. مریم نواز نے اپنے الزامات میں کہا کہ پاناما مقدمے میں نواز شریف کو جیل بھیجنے والے جج ارشد ملک پر نامعلوم افرادکی طرف سے دباﺅ تھا.
اس کے جواب میں پہلے ارشد ملک نے پہلے ایک پریس ریلیز جاری کی جس میں انھوں نے مریم نواز کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کی اور اس کے بعد انھوں نے چار صفحات پر مبنی ایک حلفیہ بیان پیش کیا. 10جولائی کو مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پرمزید دو ویڈیوز جاری کیں جن کے بارے میں ان کا دعویٰ تھا کہ یہ جج ارشد ملک کی ہیں. اپنی پریس پریس کانفرنس میں مریم نواز یہ بھی کہا تھا کہ جس جج کے فیصلے کے مطابق نوازشریف 7 سال کی سزا کاٹ رہے ہیں وہ خود ہی اپنے جھوٹے فیصلے کی خامیوں پر سے پردہ اٹھا رہے ہیں.
مریم نواز نے کہا کہ جج نے ناصر بٹ کو بتایا کہ کچھ لوگوں نے مجھے کسی جگہ پر بلایا میرے سامنے چائے رکھی اور سامنے سکرین پر ایک ویڈیو چلا دی وہ لوگ اٹھ کر باہر چلے گئے اور تین چار منٹ بعد واپس آئے تو ویڈیو ختم چکی تھی، انھوں نے مجھ سے پوچھا کوئی مسئلہ تو نہیں ہے ناں؟ کوئی بات نہیں ایسا ہوتا ہے. مریم نواز کے مطابق گفتگو کے دوران جج ناصر بٹ کو بتا رہے ہیں کہ وہ لوگ خود کشی کے علاوہ کوئی رستہ بھی نہیں چھوڑتے اور ایسا ماحول بنا دیتے ہیں کہ بندہ اس جگہ پر ہی چلا جاتا ہے جہاں پر وہ لے کر جانا چاہتے ہیں.
The post شہباز شریف نے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کا ملبہ مریم نواز پر ڈال دیا appeared first on Urdu News.