شریف خاندان کے بیرون ملک فرار کا خدشہ ، نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں ، نیب نے نگران حکومت کو خط لکھ دیا

نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف ، مریم نواز ، کیپٹن صفدر ، حسن اور حسین نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی ہے ۔ سفارش ملزمان کے بیرون ملک فرار ہونے کے اندیشے کے پیش نظر کی گئی ہے ۔ نجی نیوزچینل کے مطابق نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نیب ریفرنسز میں ملزموں کے خلاف جلد ٹرائل کورٹ کا فیصلہ متوقع ہے ۔ اس لئے خدشہ ہے کہ ملزمان بیرون ملک جا سکتے ہیں ۔ خط میں سفارش کی گئی ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے نام ای سی ایل ڈالنے کے حوالے سے ازسر نو جائزہ لیا جائے کیونکہ ریفرنس کا فیصلہ قریب ہے جس کی وجہ سے ملزمان بیرون ملک فرار ہو سکتے ہیں ۔ نیب نے حسن نواز اور حسین نواز کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے ۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل سپریم کورٹ نے نواز شریف اورمریم نواز کو بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی اور اب اگر نیب کی سفارش پر وزارت داخلہ کی جانب سے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا تو ان کا لندن جانے کا پروگرام کھٹائی میں پڑ سکتا ہے ۔