سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا ڈیم کے فنڈز کا نام تبدیل کرکے سپریم کورٹ وزیراعظم ڈیم فنڈز کردیا

سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈیم فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی اجازت دیدی ۔ عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ دیامربھاشا ڈیم کے فنڈز کا نیا نام سپریم کورٹ وزیراعظم ڈیم فنڈز ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے ڈیم فنڈ کے نام کی تبدیلی سے متعلق سٹیٹ بینک کی درخواست کی سماعت کی ، نمائندہ سٹیٹ بینک نے عدالت کو بتایا کہ فنڈزکا پہلے نام سپریم کورٹ دیامر بھاشا ڈیم فنڈز تھا ، وزارت خارجہ نے نام وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ رکھ دیا ۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ وزیراعظم نے فنڈز کا نام بدلنے کیلئے مجھ سے اجازت لی تھی ، وزیراعظم نے کہا تھا فنڈز کو جوائن کرنا چاہتے ہیں ، وزیراعظم کا مقام ہے ، ہمیں اس پرکوئی اعتراض نہیں ، چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ نام بدلنے کی بنچ سے اجازت نہیں لی گئی تھی ، ہم نے کہا فنڈز آنے چاہئیں ، نام بےشک کوئی بھی ہو ، ہمارا کوئی انا کا مسئلہ نہیں ۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے کہا کہ اکاؤنٹ کا نام تبدیل کرنے سے کچھ مشکلات آئیں گی ، اشتہارات میں اب فنڈزکا نام تبدیل کرنا پڑے گا ، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پرانے اشتہارات ایسے ہی چلنے دیں ، نئے اشتہارات میں فنڈزکا نام تبدیل کرلیا جائے ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ڈیم فنڈزکے عطیات کو ٹیکس سے مستثنیٰ کردیا ۔ عدالت نے ڈیم فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی اجازت دیتے ہوئے دیامر بھاشا ڈیم کے فنڈز کو نیا نام سپریم کورٹ وزیراعظم ڈیم فنڈز کردیا ۔
The post سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا ڈیم کے فنڈز کا نام تبدیل کرکے سپریم کورٹ وزیراعظم ڈیم فنڈز کردیا appeared first on Urdu News.