سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرخان ترین کی نااہلی کے خلاف نظرثانی اپیل مسترد کردی ، نااہلی برقرار رہے گی

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین کی نااہلی کے خلاف نظرثانی اپیل مسترد کر دی جس کے بعد ان کی نااہلی تاحال برقرار ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین کی نااہلی پر نظرثانی اپیل کی سماعت سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں کی ۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ٹرسٹ ڈیڈ کے اصل مالکان جہانگیرترین اوران کی اہلیہ ہیں ، ہمیں صرف جہانگیرترین اورجائیداد میں تعلق کی وضاحت چاہیے ۔
چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیئے کہ اب لہر یہ ہے کہ لیڈر پیسا ملک میں لائیں ، آپکے موکل اتنے بڑے لیڈر ہیں کبھی انھوں نے سوچا کہ یہ پیسا ملک میں واپس آنا چاہیے ، باہر سے پیسا ملک میں لایا جانا چاہیے ، ہم کیس کی دوبارہ سماعت نہیں کر رہے ہیں ، اس وقت آپ کو پوچھتے رہے لیکن آپ نے ٹرسٹ ڈیڈ بھی بہت آخر میں دی ، فیصلہ پڑھ رہا تھا کہ آپ نے کمپنی اور شیئر بھی خریدے ، کوئی عوامی عہدے دار ایسی مشکوک ٹرانزیکشن کیسے کرسکتا ہے ؟ جس پر جہانگیر ترین کے وکیل سکندر بشیر مہمند دلائل دیتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور سکندربشیرمہمند نے بلند آواز میں بولنا شروع کر دیا ۔
چیف جسٹس نے جہانگیر ترین کے وکیل سکندر بشیر مہمند کی سرزنش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اپنی آواز نیچے رکھیں اور چیخیں مت ، عدالت کے احترام کو مدنظر رکھیں ۔ جس پر سکندر بشیر مہمند کا کہنا تھا کہ معافی چاہتا ہوں مجھے اونچا بولنے کی عادت ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے عدالت میں اپنا موقف پیش کرنا چاہا تو عدالت نے جہانگیرترین کوبات کرنے سے روک دیا اور ریمارکس دیئے کہ جہانگیر ترین کے کیس میں ایسا کچھ نہیں جس پر نظرثانی کی جا سکے لہذا سپریم کورٹ نے جہانگیرترین کی نظرثانی اپیل مسترد کر دی جس کے بعد ان کی نااہلی تاحال برقرار ہے ۔
The post سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرخان ترین کی نااہلی کے خلاف نظرثانی اپیل مسترد کردی ، نااہلی برقرار رہے گی appeared first on Urdu News.