سپریم کورٹ نے این آر او کیس میں پرویزمشرف ، آصف زرداری ، ملک قیوم سے جائیدادوں کی تفصیلات طلب کر لیں ، چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بےنظیر بھٹو شہید ہو چکی ہیں ا ن کی ذات کو کسی تنازع میں نہیں لانا چاہتے ۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے این آر او سے متعلق کیس کی سماعت کی ، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پاناما کیس میں بینظیربھٹو کا نام بھی شامل تھا ، بینظیربھٹو کی جائیداد آصف زرداری یا بلاول کو منتقل ہوئی ۔
عدالت سے استدعا ہے کہ اسکی بھی تفصیلات منگوائی جائیں ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بینظیربھٹوکی بے حرمتی نہیں کرسکتا ۔ فاروق نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اوربلاول نے ترکے میں ملنے والی جائیداد کو ظاہرکیا ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ فریقین نے جواب جمع کرائے ہیں ، جائیداد کی تفصیلات نہیں دی ، جائیداد کی تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرائیں ، ہم چاہتے ہیں کہ آپ سرخروہوں ۔ عدالت نے این آراوکیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کےلئے ملتوی کردی ۔