ریاض (اُردو نیوز) سعودی عرب اس وقت جدت کی جانب رواں دواں ہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں دھڑا دھڑ رُونما ہونے والی تبدیلیوں کو دُنیا بھر میں خوشگوار حیرت کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ مملکت میں اس وقت کئی سینما گھر بھی کھُل چکے ہیں جہاں عوام غیر مُلکی فلموں سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ اب کی بار ایک ایسا شاندار پوش سینما گھر قائم کیا گیا ہے جو مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا منفرد ترین سینما گھر ہے۔
یہ سینما گھر معروف امریکی کمپنی فوکس کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ اس سینما گھر میں 8 مختلف ہال ہیں جہاں لوگ مختلف قسم کی فلمیں دیکھ سکتے ہیں، جبکہ ایک ہال بچوں کی فلموں کے لیے بھی مخصوص ہے۔ اس سینما گھر میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
اس منفرد پوش سینما گھر میں شائقین کے لیے آرام دہ صوفے لگائے گئے ہیں جو ضرورت پڑنے پر بستر میں بھی تبدیل ہو سکتے ہیں۔
ان صوفوں میں ویٹرز کو بُلانے کے لیے بٹن بھی نصب کیے گئے ہیں۔ جبکہ شائقین کو فلم کے دوران کھانا پیش کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ اس سینما میں ایک ریستوران کی سہولت بھی موجود ہے جبکہ سینما کے وی آئی پی ہال میں فلم بینوں کو سونے کے ورق میں لپٹے ہوئے چاکلیٹ، پاپ کارن اور عمدہ پھلوں کا جوس بھی پیش کیا جائے گا۔ ریاض کے کنگڈم ٹاور میں واقع یہ پوش سینما گھر اس وقت سب کی نگاہوں کا مرکز بنا ہوا ہے جس کا افتتاح بین الاقوامی شہرت کے حامل ممتاز سعودی صنعتکار شہزادہ ولید بن طلال نے کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنی نوعیت کے منفرد ترین سینما گھر کے قیام سے لوگوں کو خوشگوار تبدیلی کا احساس ہو گا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ سعودی مملکت شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
The post سعودی عرب کی تاریخ میں پوش ترین سینما گھر عوام کے لیے کھول دیا گیا appeared first on Urdu News.