راولپنڈی کی طاقتور شخصیت کی نا اہلی کو کالعدم قرار دیدیا گیا

راولپنڈی(سی پی پی )میئر راولپنڈی سردار نسیم کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قراردیدیا گیا ہے ، الیکشن کمیشن فیصلے کیخلاف اپیلیں منظور، لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے فیصلہ سنا دیا۔منگل کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے مئیر راولپنڈی سردار نسیم کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف جاوید مغل اور نورین اختر نے اپیل دائر
کر رکھی تھی۔ جسٹس عبادالرحمان نے اپیلوں کی سماعت کے بعد مئیر راولپنڈی کی نااہلی ختم کردی۔ سردار نسیم نے پہلے ہی الیکشن کمیشن فیصلے کیخلاف حکم امتناعی لے رکھا تھا۔مئیر راولپنڈی سردار نسیم پر الزام تھا کہ وہ مخصوص نشستوں کے انتخابی عمل پر اثر انداز ہوئے اور ووٹرز کو ووٹ دکھا کر پول کرنے پر مجبور کیا۔ الیکشن کمیشن نے 26 اپریل 2017 مخصوص نشستوں کے انتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئے سردار نسیم کو نااہل قرار دیا تھا۔