لاہور(سی پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ زبان زد عام ہے کہ ہارلے اسٹریٹ کلینک شریف خاندان کی ملکیت ہے۔لاہور میں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہارلے اسٹریٹ کوئی ہسپتال نہیں کلینک ہے لیکن وہاں دل کے بائی پاس ہوتے ہیں۔اعتزاز احسن نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو یقین ہے کہ انہیں سزا ہوگی اس لیے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں اور یہ سب شہباز شریف کا پتا کاٹنے کیلئے ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے اپنا علاج سکھر جیل کی کال کوٹھڑی میں کروایا، یہ نہیں کہ مقدمہ چل رہا ہے اور ہارلے اسٹریٹ جا رہے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر سے کوئی خبرہی نہیں آتی، ہارلے اسٹریٹ کے باہر ان کے مفرور بیٹے آکر بات کرتے ہیں۔پی پی پی رہنما نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ اگلی حکومت میں مریم نواز کو وزیراعظم یا اپوزیشن لیڈر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی شہباز شریف سے ہاتھ کرگئے، اعلان شہباز کا کیا وزیراعظم شاہد خاقان کو بنایا۔اعتزاز احسن نے کہا کہ ان کے ہاتھی کی طرح دکھانے کے دانت اور کھانے کے دانت اورہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جیالے 25 جولائی کو پولنگ اسٹیشنز پر رہیں تو فتح کے ڈھول بجاتے واپس آئیں گے۔