تھر میں غذائی قلت سے بچوں کی اموات کا کیس ، چیف جسٹس نے تھر کا دورہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ، سندھ حکومت کو انتظامات کرنے کی ہدایت

چیف جسٹس ثاقب نثار نے تھرمیں غذائی قلت سے بچوں کی اموات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ وہ 12 دسمبر کو تھر کا دورہ کریں گے اور اس کیلئے سندھ حکومت انتظامات کرے ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تھرمیں غذائی قلت سے بچوں کی اموات سے متعلق کیس کی سماعت کی جس دوران جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میں 12 دسمبر کو تھر دورے پر جارہا ہوں اس کیلئے سندھ حکومت انتظامات کرے ۔ چیف جسٹس نے پی ٹی آئی رہنما رمیش کمار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے بھی طیارے کا بندوبست کریں ، جس پر رمیش کمار نے جواب دیا کہ جی سر ہم تیار ہیں ۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ تمام جگہوں کا دورہ کروں گا ، تھر میں صرف اچھی جگہوں کا دورہ نہ کروایا جائے ، وہ جگہیں بھی دکھائی جائیں جہاں پر بھوک ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی ہمارے بچے ہیں ، خوراک کی قلت سے اموات کا سلسلہ جاری ہے ، تھر کے مسائل زدہ علاقوں پر توجہ دیں ، تھر میں پانی اور خوراک کی قلت پر تشویش ہے ۔ عدالت میں بتایا گیا کہ چیف سیکریٹری تھوڑی دیر میں عدالت پہنچ جائیں گے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آ جائیں ہم بیٹھیں ہیں ، بعد میں سن لیں گے ۔
The post تھر میں غذائی قلت سے بچوں کی اموات کا کیس ، چیف جسٹس نے تھر کا دورہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ، سندھ حکومت کو انتظامات کرنے کی ہدایت appeared first on Urdu News.