اسلام آباد(نیوزڈیسک) تحریک انصاف نے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے والے اراکین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے اپنے تمام اراکین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے اور دو رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی نعیم الحق اور ارشد داد پر مشتمل ہے، کمیٹی پارٹی ٹکٹ کے خلاف لڑنے والے اراکین کی رپورٹ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پیش کرے گی۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق تمام ارکین کی جانب سے حلف نامہ جمع کرایا گیا تھا کہ ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں اراکین انتخابات نہیں لڑیں گے لیکن جن افراد کو کسی وجہ سے ٹکٹ نہیں ملے انہوں نے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے کر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی اور یہ حلف نامے اور آرٹیکل 62، 63 کی بھی خلاف ورزی ہے۔