اسلام آباد (نیو زڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہمارے دعوے اور وعدے وہی ہیں، ہم پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، ایف بی آر ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے لیے جلد پروگرام لا رہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالتے ہی پانی، ہوا اور ماحولیات کی بات کی، ہم نے حکومت میں آتے ہی ایک دن میں 25 لاکھ پودے لگائے،۔
ہم ہاؤسنگ اور کلین اینڈ گرین پاکستان کا منصوبہ لائے‘ ہائوسنگ منصوبہ پاکستان میں 60 لاکھ نوکریاں لائے گا، قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد و خود مختار ادارہ ہے جو کرپشن کے معاملات نمٹا رہا ہے، ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو ناکوئی ڈیل کرنے والے ہیں اور نہ ہی کوئی ذاتی مفاد لینے والے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے کم آمدنی والے افراد کے لیے شروع کردہ ہائوسنگ سکیم منصوبے کے ذریعے کم از کم 60 لاکھ افراد کو روزگار کے مختلف مواقع حاصل ہوں گے جس سے ملک و قوم ترقی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان غریب عوام کے بارے میں فکر مند ہیں اور وہ جھونپڑی اور مڈل کلاس لوگوں کے بارے میں سوچ رہے ہیں اسی لیے انہوں نے یہ ہائوسنگ سکیم منصوبہ شروع کیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ہم مختلف چینی کمپنیوں اور اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دے رہے ہیں۔
جس کے لیے انہیں سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملکی معیشت کے استحکام کے لیے بیرونی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور انہیں مختلف سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گھروں کی تعمیر میں لوگوں کی مدد کے لیے قرضے کی فراہمی کے لیے لینڈ بنک قائم کیا جائے گا اور ہائوسنگ کے لیے پیسے بنک دیں گے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل بند پڑی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت گیس کے شعبے میں 157 ارب روپے کا خسارہ چھوڑ کر گئی ہے، گزشتہ حکومت جس حالت میں ملک کو چھوڑ کر گئی وہ سب کے سامنے ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے جاری منصوبوں کو چلانا تو پڑے گا،۔
پی ٹی آئی کی حکومت پنجاب میں میٹرو اور اورنج لائن منصوبے کو بند نہیں کرے گی بلکہ یہ منصوبے چلتے رہیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹیکسٹائل کے 100 یونٹ جلد کھل جائیں گے جس سے عوام کو روزگار ملے گا۔ منی لانڈرنگ کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا۔
کہ گزشتہ حکومت کے دور میں اربوں ڈالرز کی منی لانڈرنگ کی اطلاعات ملی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو کرپشن کے کیس کا سامنا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ایک آزاد و خود مختار ادارہ ہے جو کرپشن کے معاملات نمٹا رہا ہے، ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
ماڈل ٹائون واقعے پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرے گی، پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ماڈل ٹائون لاہور کے معاملے کی تحقیقات چاہتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتنے پیسے جمع ہو گئے ہیں کہ ڈیم پر کام شروع ہو جائے گا اور پی ٹی آئی کی حکومت اس ڈیم کو مکمل بھی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو ناکوئی ڈیل کرنے والے ہیں اور نہ ہی کوئی ذاتی مفاد لینے والے ہیں۔
The post بے روزگار نوجوان تیاری کرلیں ۔۔۔۔ نوکریاں ہی نوکریاں ، وزیراعظم نے قوم کو ایک اور ناقابل یقین خوشخبری سنادی appeared first on Urdu News.