ماسکو (اردو نیوز) بھارت اب پاکستان میں مزید کوئی فضائی حملہ نہیں کرے گا، روس میں تعینات بھارتی سفیر کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ صورتحال اب بہتری کی جانب گامزن ہے، تاہم بھارت روس سمیت کسی بھی ملک کی ثالثی قبول نہیں کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے دوطیارے گرانے کے بعدجہاں بھارت کی عقل ٹھکانے آئی وہاں اب عالمی دنیا کے دباؤ کے اثرات بھی نظر آنا شروع ہوگئے ہیں، دنیا کے بڑے اور بااثر ممالک میں تعینات بھارتی سفیروں کو بھی جنگ کی صورت میں خطے کے امن اور معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
جس پر بھارت کی موجودہ صورتحال اور جنگ کی اسٹریٹجی سے ان کے دنیا میں تعینات سفیر بخوبی آگاہ ہیں۔ ماسکو میں تعینات بھارتی سفیر ونکاتش ورمانے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال پہلے کی نسبت تیزی سے مستحکم ہورہی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا ماحول نہیں ہے۔ بھارت اب پاکستان میں مزید کوئی فضائی حملہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ وہ کشیدگی نہیں چاہتا۔انہوں نے کہا کہ روس یا کسی دوسرے ملک کو ثالث کی ضرورت نہیں۔ تاہم ابھی تک بھارت سے کسی نے بھی ثالثی کی پیشکش نہیں کی۔بھارتی سفیر نے کہا کہ ونگ کمانڈرابھی نندن کی رہائی پر ہم بہت خوش ہیں۔ دوسری جانب وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے دو طیارے گرا کر پاک فوج نے دھاک بٹھا دی ہے۔
ہم پر بھارت جارحیت کرے گا توہم انٹرنیشنل قوانین کے تحت دفاع کا حق رکھتے ہیں، بھارت آگ سے کھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو خطے میں امن کیلئے کردار ادا رکرنا چاہیے۔ بھارت امریکا کے زیادہ نزدیک ہے ، روس کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے روس کا پرانا دوست ہے لیکن اب بھارت روس پر امریکا کو فوقیت دے گا۔ برطانوی دارلعوام ، یورپی پارلیمنٹ اور امریکی کانگریس خطے میں امن کیلئے کردارادا کریں۔
پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی امن کی جانب قدم تھا۔انہوں نے کہا کہ سعودی وزیرخارجہ پاکستان آئیں گے اور بھارت بھی جائیں گے سعودی عرب ہمارا دوست ملک ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے میں کوئی عالمی دباؤ نہیں تھا۔ عمران خان پارلیمنٹ اجلاس میں اپنی تقریر کے پوائنٹ دیکھ رہے تھے کہ انہوں نے اسد عمراور مجھے عندیہ دیا کہ وہ بھارتی پائلٹ کو رہا کرنا چاہتے ہیں۔ یہ عمران خان کا بڑا پن ہے ، اس میں کوئی بیرونی دباؤ نہیں تھا۔
The post بھارت اب پاکستان میں مزید کوئی فضائی حملہ نہیں کرے گا appeared first on Urdu News.