بھارتی صوبے گجرات میں ہندی بولنے والوں پر حملے ، حالات کشیدہ ، 50 ہزار غیر گجراتی افراد نقل مکانی کرگئے

مغربی ریاست گجرات میں غیر گجراتیوں بالخصوص شمالی بھارت کے ہندی بولنے والوں کے خلاف حملوں کی وجہ سے حالات کشیدہ تر ہوتے جا رہے ہیں اور ہزاروں افراد کو اپنی جان بچانے کے لیے مجبوراً نقل مکانی کرنا پڑ رہی ہے ۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق گجرات چھوڑ کر اب تک کم از کم 50 ہزار افراد کے بہار، اترپردیش ، مدھیہ پردیش اور شمالی بھارت کے دیگر صوبوں میں اپنے آبائی وطن لوٹ جانے کی خبریں سامنے آئی ہیں ۔
تشدد پر قابو پانے کے لیے پولیس نے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ سیکیو رٹی فورسز کی 17 کمپنیاں مختلف علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں ، فیکٹریوں اور غیر گجراتی اکثریتی علاقوں میں سیکیو رٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ دریں اثنا اس معاملے پر سیاست بھی شروع ہوگئی ہے ۔ دوسری جانب حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی اور اپوزیشن کانگریس اس تشویش ناک صورت حال کے لیے ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں ۔
کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے غیر گجراتیوں کو ڈرانے دھمکانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی اور گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی غیر گجراتیوں کو سیکیورٹی نہیں دے سکتے تو انہیں اقتدار سے ہٹ جانا چاہیے ۔
The post بھارتی صوبے گجرات میں ہندی بولنے والوں پر حملے ، حالات کشیدہ ، 50 ہزار غیر گجراتی افراد نقل مکانی کرگئے appeared first on Urdu News.