ہندوستانی فلموں کے سپر سٹار اور ’’دبنگ خان ‘‘ کہلانے والے سلما ن خان ’’ عشق اور پیار ‘‘ کے معاملے میں کافی دل پھینک مشہور ہیں اور آئے روز ان کی کسی نہ کسی بھارتی فنکارہ کے ساتھ ’’ پیار کی پینگیں ‘‘ بڑھنے کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں ، گوکہ عمر میں 50 سال سے اوپر ہو کر ’’ بزرگی ‘‘ کو چھونے والے سلو میاں ابھی تک کنوارے ہیں تاہم ان کے ’’ پیار کے قصے ‘‘ اتنا مشہور ہو چکے ہیں کہ سب یار دوست بھی ان کا مذاق اڑاتے ہیں لیکن وہ ان باتوں کا برا منانے کی بجائے خود بھی مزے لے لے کر اپنی ’’ عشق کی رام کہانیاں ‘‘ دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے میں کوئی عار نہیں سمجھتے ، اب انہوں نے اپنی ’’ لو لائف ‘‘ کا ایسا شرمناک واقعہ بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ ٹی وی شو میں شیئر کیا ہے کہ جان کر آپ بھی کہیں گے کہ وہ واقعی ’’ دبنگ خان ‘‘ ہیں ۔
بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق سلو میاں کے بارے میں عام تاثر یہی ہے کہ وہ بڑے ہی دل پھینک ہیں اور یہ تاثر کچھ غلط بھی نہیں ہے ، عشق و محبت کے کچھ واقعات تو ایسے ہیں کہ وہ خود ہی سب کے ساتھ شیئر کر دیتے ہیں اور ان کے فینز کو سلو میاں کا یہی بے باک انداز پسند بھی بہت آتا ہے اور اسی وجہ سے ان کے مداحوں میں کمی ہونے کی بجائے بڑھتی جا رہی ہے ۔ بھارتی نجی ٹی وی کے پروگرام ’’ دس کا دم ‘‘ میں دبنگ خان نے اپنی لو لائف سے جڑا ایک ایسا قصہ شیئر کیا ہے کہ سن کر سب ہی حیران رہ گئے ہیں ۔ سلمان خان کا انکشاف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک مرتبہ وہ اپنی گرل فرینڈ کے گھر پر پکڑے گئے تھے ، وہ اپنی گرل فرینڈ کے گھر گئے ہوئے تھے ، یوں تو گھر پر کوئی نہیں تھا لیکن اچانک ہی ان کے گھر والے لوٹ آئے ۔
گھر کی بیل ہوئی اور جب ہم نے دیکھا کہ گھر والے اچانک ہی آ گئے ہیں تو میں نے کہیں چھپنے کی جگہ تلاش کرنا شروع کی ۔ چھپنے کی مناسب جگہ نہ ملی تو اچانک میرے ذہن میں آئیڈیا آیا کہ کیوں نہ کمرے کی الماری میں چھپا جائے ، بس پھر کیا تھا ، ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے تھے تاہم میں نے فورا الماری کا دروازہ کھولا اور اس کے اندر گھس کر اپنے آپ کو الماری میں بند کر لیا ، میری گرل فرینڈ کے گھر والے بھی اسی کمرے میں آ چکے تھے ، جب مجھے الماری میں دبکے کچھ دیر ہو گئی تو وہاں جمی دھول کی وجہ سے اچانک میں چھینک آ گئی اور دھڑم سے کھڑکی کا دروازہ بھی کھل گیا ، تاہم میری خوش قسمتی یہ تھی کہ انہیں میں اچھا لگا اور کوئی مسئلہ نہیں ہوا ۔سلمان خان نے ٹی وی شو میں اپنی لو لائف کا یہ انوکھا انکشاف تو کیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ یہ واقعہ پیش کب آیا اور ان کی یہ کون سی گرل فرینڈ تھی ؟ ۔