پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو عام انتخابات میں حلقہ این اے 131 سے شکست دی تھی جس پر ن لیگی رہنما دوبارہ گنتی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ میری درخواست منظور نہیں کی گئی ہے تاہم اب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سعد رفیق کی دوبارہ گنتی کی اپیل موصول ہونے کی ہی تردید کر دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے کہا ہے کہ این اے 131 میں دوبارہ گنتی کیلئے سعد رفیق کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے ۔
لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ انتخاب کے نتائج سعد رفیق اور ان کے وکلاء کی موجودگی میں مرتب کی گئے تھے تاہم سعد رفیق کے وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے علیم خان کے حلقہ این اے 129 میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے اور دوبارہ گنتی کے عمل میں درخواست گزاروں کے ووٹوں میں اضافہ ہواہے ۔ سعد رفیق نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ عدالت این اے 131 میں دوبارہ گنتی کا حکم جاری کرے ۔ سعد رفیق کے وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چیف نے کہا ہے کہ حلقوں میں دوبارہ گنتی مکمل ہو چکی ہے اب گنتی دوبارہ نہیں کی جائے گی ۔