اپنے اکاؤنٹس کا صفایا ہونے سے کیسے بچائیں ۔۔۔۔۔۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم کو طریقہ بتا دیا

روالپنڈی(ویب ڈیسک) پاک فوج کے ترجمان اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشن (بین الخدماتی تعلقاتِ عامہ) میجر جنرل آصف غفور نے پاکستانیوں کوخبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص آپ کو کال کر کے خود کو آرمی کا نمائند بتا کر بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگے تو اُسے ہرگز فراہم نہ کریں۔ملک بھر میں کچھ دنوں سے سائبر کرائم کرنے والے مجرمان کی طرف سے عام لوگوں کو بذریعہ کال بے وقوف بنانے اور اُن کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب تک کئی ایسے کیسز سامنے آئے جس میں لوگوں سے بذریعہ ٹیلی فون اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگی گئیں اور پھر اُس میں موجود رقم کو استعمال کرلیا گیا۔ملک بھر میں صارفین کو بے وقوف بناکر اکاؤنٹ کا صفایا کرنے والے گروہ کے کارندے کبھی بینک نمائندے بن کر کسی موبائل یا لینڈ لائن نمبر سے فون کر کے عام لوگوں کو بے وقوف بناتے ہیں ۔
گزشتہ ماہ یہ بھی اطلاع سامنے آئی تھی کہ کچھ لوگ پاک فوج کا نام استعمال کر کے لوگوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کررہے ہیں۔میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے خبردار کیا کہ مجرمان کا ایک گروہ خود کو پاک فوج یا بینک کا نمائندہ بنا کر اکاؤنٹ کی تفصیلات جمع کررہا ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ایسی کالز پر ہرگز اپنی تفصیلات کسی کو فراہم نہ کریں کیونکہ یہی آپ کی ذمہ داری ہے۔
The post اپنے اکاؤنٹس کا صفایا ہونے سے کیسے بچائیں ۔۔۔۔۔۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم کو طریقہ بتا دیا appeared first on Urdu News.