کرائسٹ چرچ (نیوز ڈیسک)کرائسٹ چرچ حملہ، ایک پاکستانی شخص کی شہادت کی تصدیق، نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشنر کی جانب سے شہادت کی تصدیق، 4 پاکستانیوں کے زخمی اور زیر علاج ہونے کی بھی تصدیق، جبکہ 5 پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں تعینات پاکستان کے ہائی کمیشنر کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ کرائسٹ چرچ حملے کے نتیجے میں ایک پاکستانی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا ہے۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے میں 4 پاکستانی زخمی جبکہ 5 لاپتہ ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں مسجد پر حملے کی پاکستانی بھرپو رمذمت کرتاہے اس حوالے میں 4 پاکستانی زخمی جبکہ 5 لاپتہ ہیں۔تاہم لاپتہ افراد کی تفصیل ابھی تک ہمیں فراہم نہیں کی گئی۔جس پاکستانی شخص کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے،اس شخص کی شناخت سے متعلق تفصیلات کا بھی انتظار کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 2 مساجد پر فائرنگ کے نتیجے میں 49 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، مسلح شخص نماز جمعہ کے بعد مسجد میں داخل ہوا اور خود کار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ حملہ آور نے کئی بار گن ری لوڈ کی اور مختلف کمروں میں جا کر فائرنگ کرتا رہا۔مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور اس دوران ہیلمٹ پر لگے کیمرے سے ویڈیو بناتا رہا اور انٹرنیٹ پر براہ راست دکھاتا رہا۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آڈرن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کا سیاہ ترین دن قرار دیا اور کہا مسجد پر فائرنگ کا واقعہ دہشتگردی ہے۔ پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے کر گاڑی سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ حکام نے آج کے دن کرائسٹ چرچ پر سفر کی پابندی لگا دی جبکہ لوگوں کو مساجد سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہر میں گرجا گھروں اور سکول بند کر کے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد کو گولیاں لگی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
The post انا للہ وانا الیہ راجعون : سانحہ نیوزی لینڈ۔۔۔۔ پاکستانیوں بارے افسوسناک خبر آگئی appeared first on Urdu News.