’’ اس وقت ملک میں انڈر 14 ٹیم میچ کھیل رہی ہے ، یہ حکومت ڈیل کے نتیجے میں آئی ہے نواز شریف بھی ڈیل کرکے آئے تھے ‘‘ ، سابق صدر آصف علی زرداری

سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ حکومت ابھی تک اپوزیشن کے موڈ میں ہے ، نوازشریف اور مریم شاید حالات ٹھنڈے کررہے ہیں ، جمہوریت کی کمزوریاں ہیں لیکن پھر بھی اپوزیشن سے بہتر ہے ، منظور وسان کا خواب کہتا ہے کہ حکومت مدت پوری نہیں کرے گی ۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق خیرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ اس وقت ملک میں انڈر 14 ٹیم میچ کھیل رہی ہے دیکھتے ہیں کیا کرتی ہے کیا نہیں کرتی؟ ہوش ربا مہنگائی سے عوام کو پریشان کردیا گیا ہے ، جب گیس اور پٹرول پر قیمت بڑھائیں گے تو ہر چیز کی قیمت ڈبل ہوگی ، حکومت کی جو شروعات ہے وہ جس طرح دیکھ رہے ہیں وہ ابھی تک اپوزیشن موڈ میں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نواز شریف کی حکومت پر بھی اعتراض تھا کیونکہ وہ بھی کسی ڈیل کے ذریعے آئے تھے اور یہ بھی ایسے ہی آئے ہیں لیکن امریکہ میں بھی ایسا ہوتا ہے ، آج تک ہیلری کتابیں لکھ رہی ہیں ، جمہوریت میں یہ ہوتا ہے ، یہ جمہوریت کی کمزوریاں ہیں لیکن پھر بھی جمہوریت بہتر ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ ہماری حکومت نے کام کیا ہے ، لوگوں کی زمینوں کے پیسے دیئے ہیں ، بھاشا ڈیم کی فزیبلٹی بنائی ۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ یوٹرنرز ہوتے ہیں ، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے ؟ ۔
انہوں نے کہا کہ منظور وسان کا خواب کہتا ہے یہ حکومت اپنا وقت پورا نہیں کرے گی ۔ نیب کی کارروائیوں سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں کوئی بیوروکریٹ کام کرنے کے لیے تیار نہیں ۔ این آر او سے متعلق سوال پر سابق صدر نے کہا کہ کچھ روز پہلے مولوی صاحبان نے جو زبان استعمال کی وہ سب نیٹ پر موجود ہے لیکن حکومت نے ان کے ساتھ این آر او کرلیا اور جو غریب لوگ ٹی وی پر نظر آئیں گے انہیں پکڑیں گے ، جنہوں نے الزام لگائے ان کے ساتھ این آر او کرلیا ۔ آصف زرداری نے کہا کہ بیرونی امداد کی ضرورت نہیں سمجھتا ، حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا چاہیے ، ہمیں اپنی مارکیٹیں مضبوط کرنی چاہئیں ، میڈیا ہاوسز سے ورکرز کو نکالا جانا قابل مذمت ہے ۔
The post ’’ اس وقت ملک میں انڈر 14 ٹیم میچ کھیل رہی ہے ، یہ حکومت ڈیل کے نتیجے میں آئی ہے نواز شریف بھی ڈیل کرکے آئے تھے ‘‘ ، سابق صدر آصف علی زرداری appeared first on Urdu News.