احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی سے متعلق نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کل سُنایا جائے گا

احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی کے حوالے سے نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی سے متعلق نیب کی درخواست پر سماعت کی ، نیب کے تفتیشی افسر نے اسحاق ڈارکی بحق سرکار ضبط جائیداد کی تفصیل عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ 18 دسمبر 2017 کو اکاؤنٹس ، گاڑیاں ، شیئرز اور جائیداد ضبط کی گئی تھی جب کہ 14 دسمبر 2017 کو عدالت نے جائیداد قرقی کا حکم دیا تھا ، جائیداد قرقی کے 6 ماہ بعد متعلقہ صوبائی حکومت عدالتی احکامات پر جائیداد قرق کرسکتی ہے ۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی کے حوالے سے نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر 2 اکتوبر کو صبح 9 بجے سنائیں گے ۔ واضح رہے کہ نیب نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد کی نیلامی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ اور احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ اسحاق ڈار نیب کو مطلوب ہیں ، نیب اور عدالت اسحاق ڈار کو مفرور قرار دے چکی ہے ۔
The post احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی سے متعلق نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کل سُنایا جائے گا appeared first on Urdu News.