احتساب عدالت میں کے پی ٹی کرپشن کیس کی سماعت ، عدالت نے ایک بار پھر ایم کیو ایم رہنما بابرغوری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

احتساب عدالت کراچی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ ( کے پی ٹی) میں پونے تین ارب روپے سے زائد کے کرپشن ریفرنس میں سابق وفاقی وزیر و ایم کیو ایم رہنما بابر غوری سمیت دیگر مفرورملزمان کے ایک مرتبہ پھر وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ، عدالت آئندہ سماعت پر پولیس سے مفرور ملزمان کی پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی ۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق احتساب عدالت کراچی میں کے پی ٹی میں پونے تین ارب روپے کرپشن کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی ، ایم کیو ایم کے رہنما حنیف جاوید اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کے جانب سے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی ۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے ۔ بعد ازاں عدالت نے سابق وفاقی وزیر بابر غوری سمیت دیگر مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا ، عدالت نے ریفرنس کی سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کردی ، نیب کے جانب سے ملزمان پر الزامات ہیں کے ملزمان نے کے پی ٹی میں 940 غیر قانونی بھرتیاں کر کے قومی خزانے کو پونے تین ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے ۔ واضح رہے کہ بابر غوری پیپلزپارٹی کے مخلوط دور حکومت میں وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ رہ چکے ہیں ، ان کا شمار ایم کیوایم کے دیرینہ رہنماؤں میں ہوتا ہے اور وہ طویل عرصے سے بیرون ملک مقیم ہیں ۔
The post احتساب عدالت میں کے پی ٹی کرپشن کیس کی سماعت ، عدالت نے ایک بار پھر ایم کیو ایم رہنما بابرغوری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے appeared first on Urdu News.