ابوظہبی ، نیوزی لینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی

ابوظہبی ، نیوزی لینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی ۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے 267 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستان ٹیم 48 ویں اوور میں 219 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور گرین شرٹس کو 47 رنز سے شکست ہوئی ۔ نیوزی لینڈ کے 267 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے جوڑی کوئی کمال نہ کرسکی اور گرین شرٹ کی پہلی وکٹ فخر زمان کی گری جو ایک رنز بناکر ٹرینٹ بولڈ کا شکار بنے ۔
ٹرینٹ بولڈ کی اگلی ہی گیند پر بابر اعظم سلپ پر روس ٹیلر کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد نئے آنے والے محمد حفیظ بھی پہلی ہی بال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے اور ٹرینٹ بولڈ نے کیرئیر کی پہلی ہیٹ ٹرک کی ۔ شعیب ملک اور امام الحق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا تاہم 71 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 34 رنز بنا کر فیروگسن کا شکار بنے ۔ مجموعی اسکور میں 2 رنز کے اضافے کے بعد شعیب ملک بھی 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جنہیں گرینڈ ہوم نے آؤٹ کیا جب کہ پاکستان کی چھٹی وکٹ 85 رنز پر گری اور شاداب خان 7 رنز بناکر سودھی کا شکار بنے ۔
کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم نے 103 رنز کی پارٹنرشپ کرکے ٹیم کو واپس میچ میں لے آئے لیکن 188 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد 64 رنز بناکر گرینڈ ہوم کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ سرفراز کے بعد عماد وسیم بھی 50 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ حسن علی 16 اور شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے فیروگسن کا شکار بنے ۔ کیویز کی جانب سے ٹرینٹ بولڈ اور فیروگسن نے 3، 3 اور گرینڈ ہوم نے 2 جب کہ سودھی اور ساؤتھی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
قبل ازیں کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کولن منرو اور جارج وارکر نے اننگز کا آغاز کیا ۔ دونوں بلے بازوں نے 13 رنز جوڑے تو جارج وارکر ایک رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے ۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 36 جب کہ تیسری وکٹ 78 رنز کے مجموعے پر گری ۔ کیویز وکٹ کیپر ٹام لیتھم اور راس ٹیلر نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے اور اسکور 208 رنز تک پہنچا دیا ۔ اس موقع پر محسوس ہو رہا تھا کہ نیوزی لینڈ باآسانی 300 رنز کا ہندسہ عبور کر لے گی لیکن ٹام لیتھم 41 ویں اوور کی دوسری گیند پر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے ۔
اسی اوور میں شاداب نے نئے آنے والے ہنری نیکولز اور کولن ڈی گرینڈھوم کو آوٹ کردیا ۔ نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 210 رنز پر اس وقت گری جب راس ٹیلر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ مہمان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 252 اور نویں 254 رنز پر گری لیکن آخری وکٹ آخری 7 گیندوں پر 12 رنز کا اضافہ کیا اور مجموعے کو 266 تک پہنچا دیا ۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور شاداب خان نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد وسیم ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے ۔ یاد رہے کہ پاکستان نے تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کیا تھا ۔
The post ابوظہبی ، نیوزی لینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی appeared first on Urdu News.