کراچی (ویب ڈیسک)آسیہ بی بی کو بری کیے جانے کے خلاف کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے باعث لیاری ایکسپریس وے کراچی اور حیدرآباد کے دونوں روٹس کو بند کردیا گیا ہے۔کراچی میں بلدیہ ٹائون چار نمبر، نمائش چورنگی، شارع فیصل سٹار گیٹ، سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر، اورنگی ٹائون 5 نمبر، سرجانی ٹائون فور کے چورنگی پر احتجاج کیا جارہا ہے۔احتجاج کے باعث بلدیہ ٹائون جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے اور شیرشاہ سے بلدیہ جانے والی ٹریفک کولیبراسکوئرکی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
جب کہ مواچھ گوٹھ سےآنے والی ٹریفک کو ڈبہ موڑ کی طرف موڑ دیا گیاہے۔تحریک لبیک کے احتجاج کے سبب ٹاور اور ایم اے جناح روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، جناح برج سے ٹریفک کوآئی آئی چندریگر روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے، ایم اے جناح روڈ جامع کلاتھ سے ٹریفک کو بابائے اردو چوک کی طرف موڑ دیا گیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث حیدرآباد سے کراچی آنے والی ٹریفک کو ابوالحسن اصفہانی روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔کراچی میں مختلف مقامات پر احتجاج کے باعث تعلیمی ادارے بند ہونا شروع ہوگئے ہیں جہاں جامعہ کراچی، وفاقی اردو یونیورسٹی اور سرسیدیونیوسٹی میں تدریسی عمل معطل ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ شہر بھر میں کالجز، نجی اور سرکاری اسکول بھی بند ہونا شروع ہوگئے ہیں جس کے باعث والدین بچوں کو لینے کے لیے سکول پہنچ گئے۔شہر میں احتجاج کے باعث پرائیوٹ ٹرانسپورٹ سے گھر جانے والے طلبا کو پریشانی کا سامنا ہے۔لاہور میں بھی آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں چیئرنگ کراس پر احتجاج کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ ملتان روڈ پر مانگامنڈی میں جماعت اہلسنت کااحتجاج جاری ہے جب کہ چونگی امرسدھو اور داروغہ والا چوک پر بھی سنی تحریک کے کارکنان احتجاج کررہے ہیں۔محکمہ محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144کے تحت صوبے بھر میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔
جو 31 اکتوبر سے 10 نومبر تک نافذ العمل رہے گی۔محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت دھرنوں، جلسے جلوسوں اورریلیوں پر پابندی ہوگی۔گوجرانوالہ میں تحریک لبیک کےکارکنان کا چندا قلعہ بائی پاس اور حیدر چوک پر احتجاج جاری ہے جب کہ بورے والا میں لاری اڈہ چوک اور گجرات میں جی ٹی ایس چوک اور جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہباز چوک اور لیہ میں فتح پور میں احتجاج کیا جارہا ہے۔جب کہ آزاد کشمیر کے علاقے نکیال میں بھی تحریک لبیک کے کارکنان کی جانب سے آزادی چوک سے میلاد چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جارہی ہے۔
میرپور آزاد کشمیر میں تحریک لبیک کے کارکنان چوک شہیداں روڈ پر احتجاج کررہے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تحریک لبیک کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے جہاں فیض آباد انٹر چینج احتجاج کے باعث مکمل طور پر بند ہے جب کہ ایکسپریس وے شکریال کے پاس سے اور جی ٹی روڈ گوجرخان سے بند ہے۔ پشاور میں بھی تحریک لبیک کے کارکنان آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جہاں رنگ روڈ جمیل چوک پر مظاہرین جمع ہیں جب کہ شباب اہلسنت کے کارکنان پریس کلب کے باہر احتجاج کررہے ہیں۔مانسہرہ میں اہلسنت والجماعت اور سنی تحریک کی جانب سے ختم نبوت چوک پر احتجاج کیا جارہا ہے اور مظاہرین نے ایبٹ آباد روڈ دھرنا دے کر ٹریفک بلاک کردی۔
The post آسیہ بی بی کی بریت: تحریک لبیک کا ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج، اس وقت کہاں کیا حالات ہیں؟ جانیے appeared first on Urdu News.