امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک سکول نے مسلم خاتون پیتھالوجسٹ کو اسرائیل کی حمایت سے متعلق حلف اٹھانے سے انکار پر نوکری سے فارغ کردیا ۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلمان خاتون باہیا اماوی گزشتہ 9 سال سے انڈیپنڈنٹ سکول (پی آئی ایس ڈی) میں بطور استاد بچوں کی ’سپیچ پیتھالوجسٹ‘ ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہی تھیں ۔ متاثرہ ٹیچر کا کہنا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر معاہدے کی تجدید کے لئے آفر لیٹر دیا جاتا تھا جو کہ گزشتہ 9 سال سے ایک جیسا تھا تاہم امسال دیئے گئے آفر لیٹر کے متن میں تبدیلی کی گئی تھی ۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے کنٹریکٹ میں اضافی نکات شامل کئے گئے جس میں اسرائیل کا بائیکاٹ نہ کرنے کا پابند کیا گیا اور حلفیہ طور پر معاہدے کے دورانیے میں اسرائیل کا معاشی یا کسی بھی طرح کا بائیکاٹ نہ کرنے کا وعدہ مانگا گیا تھا ۔ اسرائیل سے وفاداری کا حلف نہ لینے پر ٹیچر کو نوکری سے نکال دیا گیا اورسکول کے اس فیصلے کے خلاف متاثرہ خاتون نے قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرلیا ہے ۔ خاتون نے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت میں موقف اپنایا کہ نوکری سے برخاست کرنا آزادی اظہار رائے کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔
The post آزادی اظہار کے دعویدار امریکہ کا اصل چہرہ بے نقاب ، مسلمان اسکول ٹیچر کو اسرائیل سے وفاداری کا حلف نہ لینے پر نوکری سے نکال دیا گیا appeared first on Urdu News.